ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اُترکنڑا ڈپٹی کمشنر کی فطانت نے آنگن واڑی مرکزوں کی قلعی کھول دی :100سے زائد مراکز کی جانچ اور کارروائی کا حکم

اُترکنڑا ڈپٹی کمشنر کی فطانت نے آنگن واڑی مرکزوں کی قلعی کھول دی :100سے زائد مراکز کی جانچ اور کارروائی کا حکم

Thu, 25 Aug 2016 18:30:46    S.O. News Service

کاروار:25/اگست(ایس او نیوز)اترکنڑا ضلع کے آنگن واڑی مرکزوں کی  کارکردگی کے متعلق ضلع کے ڈ پٹی کمشنر کی طرف سے جاری کردہ حکم نامے پر عمل کرتے ہوئےافسران کی ٹیم نے جمعرات کو 100سے زائد آنگن واڑی مرکزوں کا اچانک دورہ کیا اور سبھی مراکز کا کٹھا چٹھا ڈپٹی کمشنر کو پیش کردیا۔

جمعرات کی صبح ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ڈپٹی کمشنر نے تعلقہ جات کے  نوڈل آفیسران ، تحصیلدار اورپی ڈی پی اؤ کو تعلقہ مرکز پر صبح 9 بجے وڈیو کانفرنس  پرحاضر رہنے کی ہدایت دی تھی، لیکن وڈیو کانفرنس میں کیا ہدایات دی جائیں گی  اور کس موضوع پر بات ہوگی، اس کو ظاہر نہیں کیا گیا تھا اور سب کچھ  راز میں رکھا گیا تھا۔ جب وڈیو کانفرنس شروع ہوئی تو ڈپٹی کمشنر نے اچانک حکم دیا کہ الگ الگ ٹیم بنائی جائے اور ہر ایک ٹیم تین گرام پنچایت حدود کے 10آنگن واڑی مرکزوں کا اچانک دورہ کرکے وہاں کی کارکردگی کا جائزہ لیں۔ اس کے لئے تیار شدہ جانچ فہرست اسی وقت انہیں ای میل کے ذریعے روانہ کردی گئی ۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہرآنگن واڑی کانام، استادنی کا نام، معاون کانام، بچوں کی حاضری، مرکز پر صفائی کا کیا حال ہے، غذا کی تیار ی ،تقسیم پاکیزگی کیسے ہوتی ہے، بچوں میں پاکیزگی کا کیاحال ہے، اسٹاک رجسٹروقت پر درج ہوئی ہے یا نہیں، حاملہ عورتوں کے غذائی تقسیم کی تفصیل، مینو کے مطابق مقوی غذائیں تقسیم کی گئی ہیں یا نہیں، ان تمام تفصیلات کو درج کیاجائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام آفسران کو اس بات کا بھی حکم دیا کہ وہ ہرایک انگن واڑی کو کارکردگی کی بنیاد پر اے ، بی ، سی ، ڈی ، گریڈ دیں۔

کارروائی اور اقدامات کا حکم : صبح 9بجے ہدایات دے کر متعلقہ افسران ٹیم کو مرکزوں کی جانچ کے لئے روانہ کرنےکی ہدایات دینے کے بعد متحرک ڈی سی نے ٹھیک شام 5بجے دوبارہ وڈیو کانفرنس کے ذریعے متعلقہ افسران سے دورے کی تفصیلات حاصل کیں۔ نوڈل افسران نے مرکزوں پر صفائی نہ ہونے، وقت پر حاضری نہ ہونے ، صبح 10بجے تک مرکز نہ کھلنے ، اسٹاک رجسٹر میں صحیح مندرجات نہ ہونے ، پنسل سے درج کئے جانے جیسی خامیوں کا تذکرہ کیا۔ کاروار کے رام کرشنا آشرم کے قریب والے مرکز میں گذشتہ جنوری سے تاریخ ختم ہونے کے باوجود اسی گوڈ کو دئیے جانے کی جانچ کے دوران پتہ چلنے پر ڈی سی نے متعلقہ مرکز کی استادنی کو معطل کرنے کا حکم دیا۔ بوری بھاگ مرکزمیں غیر مصدقہ فرد کے زریعے مرکز چلائے جانے پر ڈی سی نے حکم دیا کہ سپروائز ر کو وجہ بتائو نوٹس جاری کریں۔ جہاں جہاں خامیاں ، غلطیاں نظر آئی ہیں ان تمام کو وجہ بتائو نوٹس دینے کا حکم جاری کرتے ہوئے ڈی سی نے محکمہ خواتین اور اطفال کے معاون ڈائرکٹر کو جمعہ شام تک رپورٹ سونپنے کوکہا ہے۔ اس کے بعد خود ڈپٹی کمشنر ، ایس ایس نکول نے کنراور شرواڑا گرام پنچایت حدود اور کاروار شہر کے آنگن واڑی مرکزوں پر پہنچ کر خود حالات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایچ، پرسنا اور پروبیشنری آئی اے ایس افسر فوزیہ ترنم نے بھی کاروار تعلقہ کے مختلف مرکزوں پر جاکر کارکردگی کا جائزہ لیا ہے۔


Share: